ملک اشرف : ایم کیو ایم لندن کے قائد کی تقاریر پر پابندی کیلئے درخواست ،ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو دوبارہ وکیل کرنے کیلئے مہلت دے دی ۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سردار آفتاب ورک ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، تو درخواست گزار نے بتایا کہ پرسوں اس درخواست کی سماعت کیلئے اطلاع ملی تھی اور وہ درخواست کی پیروی کیلئے نیا وکیل کرنا چاہتے ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ انہیں نیا وکیل کرنے کی اجازت دی جائے۔ فل بنچ نے استدعا منظور کر لی اور نیا وکیل کرنے کیلئے وقت دے دیا۔ فل بنچ نے استفسار کیا کہ فریقین میں سے کون کون آئے ہیں؟ تو درخواست گزار نے بتایا کہ اس درخواست پر سماعت کے دوران ڈاکٹر خالد رانجھا سمیت دیگر وکلاء پیش ہوتے رہے ہیں۔ تین رکنی بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس فاروق حیدر اور طارق ندیم شامل ہیں۔ درخواست پر آئندہ سماعت 23 اپریل کو ہوگی۔