(حسن خالد)پنجاب میں حکومت کا نیا ٹاسک بلدیاتی انتخابات، پنجاب حکومت نے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز کا اجراء کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر میونسپل سروسز کی فوری فراہمی کے لئے 136تحصیل کونسلز کو 18ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے فنڈز کا اجراء کر دیا ہے، فنڈز سے لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے دیہی تحصیل کونسلز اور میٹروپولیٹن، میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل و ٹاؤن کمیٹیوں پر مشتمل 306 لوکل گورنمنٹس کی مقامی آبادی مستفید ہو گی، 20ارب روپے کی لاگت سے 7.352 سکیموں کی نشاندہی کی گئی ہےجس میں سے 6.688 سکیمیں تقریباً18ارب روپے کی لاگت سے مقامی سطح پر تعمیر و ترقی کے لئےمنظور کی گئی ہیں۔
فنڈز سے دیہی سطح پر تعمیر وترقی کے لئے7ارب روپے مالیت کے 2.657 منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا، شہر کی میٹروپولیٹن، میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل و ٹاؤن کمیٹیوں کے لئے3ارب 70لاکھ روپے کی لاگت سے 1.640سکیموں پر کام کا آغاز ترجیحی بنیادوں پر کیا جارہا ہے،سڑکوں کی تعمیر کے لئے 1.025، نکاسی آب کے جدید سسٹم کے لئے967، صاف پانی کی فراہمی کے لئے131 اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے لئے 33سکیموں پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔
ماسٹر پلاننگ، زوننگ اور عوام کو صحت کی مثالی سہولیات کی فراہمی کے لئے 10سکیموں پر کام کا آغاز کیا جائے گا اور ان سکیموں کے لئے تقریبا5ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صاف پانی کی فراہمی، جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور نکاسی آب کے سسٹم سے جہاں بیماریوں پر قابو پانا ممکن ہوگا وہیں صوبہ ترقی کے نئے دور کی جانب گامزن ہوگا اور فنڈز کے استعمال سے نچلی سطح پر ترقی کا سفرمزید تیز ہوگا۔