شہزاد خان :شہر کی اوپن مارکیٹ میں گراں فروشی پر قابو نہ پایا جا سکا جبکہ برائلر مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جس سے شہریوں کے گھریلو اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں ہفتے برائلر مرغی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 432 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق زندہ برائلر کا فارم ریٹ 270 روپے فی کلو رہا، تاہم فارمرز نے سپلائی 280 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کی۔
اسی طرح برائلر کا تھوک نرخ 284 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 294 روپے فی کلو فروخت کیا گیا، جبکہ پرچون قیمت 298 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں صارفین سے 308 روپے فی کلو وصول کیے گئے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 8 روپے فی درجن اضافہ سامنے آیا، جس کے بعد انڈے 210 روپے فی درجن میں فروخت ہونے لگے۔
قیمتوں میں مسلسل اضافے اور سرکاری و مارکیٹ نرخوں کے فرق پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مؤثر کارروائی اور گراں فروشی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ مارکیٹ میں حالیہ دنوں کے دوران مرغی کے نرخ تیزی سے اوپر گئے ہیں اور ہول سیل سطح پر قیمت 12 ہزار 400 روپے فی من تک جا پہنچی ہے، جبکہ بجٹ سے قبل یہی ریٹ 11 ہزار 200 روپے فی من ریکارڈ کیا جا رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے پیچھے طلب و رسد کے عوامل کے ساتھ پولٹری شعبے کے بعض حلقوں کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی کوششیں بھی شامل بتائی جا رہی ہیں، جس کے اثرات اب کھلے بازار میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔