پہاڑی (سعدیہ خان) آزاد کشمیر انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا، لیگی رہنما غلام عباس میر نے بیٹے شبیر میر کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
لاہور پریس کلب میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمٰن چن اورنگزیب برکی، ذوالفقار چودھری، اشرف بھٹی، لبنیٰ خان اورعابد حسین صدیقی کی موجودگی میں (ن ) لیگی رہنما شبیر میر نے پیپلزپارٹی میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اورنگزیب برکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلام عباس میر کا پیپلزپارٹی سے دیرینہ تعلق ہے، کئی سالوں تک ہم نے اکٹھے جدوجہد کی، امید ہے اب بھی یہ سفر جاری رہے گا، آزاد کشمیر سے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر شبیر میر کو لاہور سیٹ کیلئے ٹکٹ جاری کر رہے ہیں، انشاء اللہ پیپلزپارٹی یہ سیٹ ہر صورت جیتنے میں کامیاب ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11 ویں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے، آزاد کشمیر میں 28 لاکھ17 ہزار 90 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 747 ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما سردار طاہر اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔