سٹی 42: کراچی میں پاکستان آئی بینک سوسائٹی (PEBS) اور روٹری کلب ہائیڈل برگ شلوس کے اشتراک سے اسکول آئی کلینک پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا گیا، جس کا مقصد اسکول جانے والے بچوں میں بینائی کے مسائل کی بروقت تشخیص اور علاج کو یقینی بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں جرمنی کے قونصل جنرل تھامس ای شلٹز نے کہا کہ جرمنی نے سرکاری پروگراموں کے ذریعے پاکستان میں 3.8 ارب یورو (تقریباً 4.3 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی فلاح کے منصوبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 60 ہزار اسکول بچوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں آئندہ 12 ماہ کے دوران مزید ایک لاکھ 20 ہزار بچوں کی اسکریننگ کی جائے گی تاکہ بینائی سے متعلق مسائل کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔
جرمن قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی میں بچوں میں بینائی کے مسائل ایک اہم چیلنج ہیں اور یہ منصوبہ آئندہ برسوں میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے پاکستان آئی بینک سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ انسانی ہمدردی، عزم اور پاکستان و جرمنی کے مضبوط تعاون کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے اس موقع پر معروف سماجی کارکن ڈاکٹر رتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انسانیت کی خدمت کا مشن آج بھی عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
تقریب میں پاکستان آئی بینک سوسائٹی، روٹری کلب ہائیڈل برگ شلوس، طبی ماہرین، سفارتی نمائندوں اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور صحت کے شعبے میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔