ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بیوٹیفکیشن منصوبوں میں ناقص میٹریل کے الزام، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی قائم

بیوٹیفکیشن منصوبوں میں ناقص میٹریل کے الزام، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی قائم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کمالیہ اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری بیوٹیفکیشن پراجیکٹس میں مبینہ طور پر ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال اور ممکنہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی کو تین روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکاری احکامات کے مطابق انکوائری کمیٹی کمالیہ سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دیگر علاقوں میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔ کمیٹی منصوبوں پر ہونے والے کام، استعمال کیے گئے تعمیراتی میٹریل، منصوبوں کے معیار اور دیگر تکنیکی و انتظامی امور کا جائزہ لے گی۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم (CMIT) کو چار رکنی انکوائری کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ اس کے علاوہ سی ایم آئی ٹی کے ایک ممبر اور کنوینر کی جانب سے نامزد کردہ ایک رکن بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

انکوائری کمیٹی متعلقہ منصوبوں سے جڑا تمام ریکارڈ، ٹینڈرز، تعمیراتی دستاویزات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس بات کا بھی تعین کرے گی کہ تعمیراتی میٹریل مقررہ معیار کے مطابق استعمال کیا گیا یا نہیں، اور منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران کسی قسم کی بے ضابطگی، غفلت یا غیر معیاری کام تو نہیں کیا گیا۔

حکومت پنجاب نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران ناقص میٹریل، غیر معیاری تعمیر، مالی یا انتظامی بے ضابطگیاں، یا کسی افسر یا ٹھیکیدار کی غفلت سامنے آئے تو ذمہ داران کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی سفارشات بھی رپورٹ کا حصہ بنائے۔

اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی کو تحقیقات مکمل کرکے تین روز کے اندر وزیراعلیٰ پنجاب کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔