عثمان خادم:شہر میں مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ چاول، گھی، کوکنگ آئل، دالوں سمیت بیشتر اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
مارکیٹ میں مختلف اقسام کے چاول 320 روپے سے 640 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں 490 روپے سے 610 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہیں۔
اسی طرح آٹے کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 2,400 روپے میں بھی بآسانی دستیاب نہیں، جس سے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔