( حافظ شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز خوشدل شاہ ان فٹ ہوگئے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز خوشدل شاہ تین ہفتے کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے، ڈربی شائر میں موجود قومی ٹیم انتظامیہ کے مطابق نیٹ سیشن میں بیٹنگ کے دوران گیند لگنے سے بلےباز کے ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا۔ خوشدل شاہ ڈربی میں جاری چار روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں شرکت نہیں کررہے، بلے باز اس انجری کے باعث 24 جولائی سے شروع ہونے والے دوسرے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ٹیم کے میڈیکل پینل کے مطابق خوشدل شاہ آئندہ ہفتے کے آخر میں فزیکل ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹسمین خوشدل شاہ تین ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئےہیں۔ ڈربی میں جاری ہفتے کو ہونے والے نیٹ سیشن میں بیٹنگ کے دوران گیند لگنے کے باعث نوجوان بیٹسمین کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا۔ https://t.co/yLMsxcDF2L
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) July 19, 2020
دوسری جانب دورہ انگلینڈ کے پہلے مرحلے میں قومی ٹیم ووسٹر کے بعد اب دوسرے مرحلے میں ڈربی میں موجود ہے، ووسٹر کے بعد ڈر بی میں بھی کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ گراؤنڈ کے واش روم کے برعکس ہوٹل میں اپنے واش روم کا استعمال کریں۔ بائیو سیکیور ماحول میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے دورے کے ایکریڈٹیشن کارڈ کیساتھ ایک دوسرا کارڈ جاری کیا گیا ہے۔
کھلاڑیوں کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ ہر وقت اپنے ساتھ ایکریڈٹیشن کارڈ کے ہمراہ منسلک دوسرے کارڈ کو رکھیں، اطلاعات کے مطابق دوسرے کارڈ کا مقصد کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے۔