ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب کی سب سے بڑی ٹیکس اتھارٹی کی گاڑیاں ہی ٹوکن ٹیکس نادہندہ نکلیں

پنجاب کی سب سے بڑی ٹیکس اتھارٹی کی گاڑیاں ہی ٹوکن ٹیکس نادہندہ نکلیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 کلیم اختر:   پنجاب کی سب سے بڑی ٹیکس جمع کرنے والی اتھارٹی پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کی متعدد سرکاری گاڑیوں کےٹوکن ٹیکس نادہندہ ہونے کا انکشاف سامنے آ گیا ہے، جس نے شفافیت اور احتساب پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی آر اے کی کئی سرکاری گاڑیاں سال 2023 سے ٹوکن ٹیکس نادہندگی میں شامل ہیں، جبکہ بعض گاڑیاں برسوں سے بغیر ٹوکن ٹیکس سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ ان گاڑیوں کو نہ صرف سرکاری استعمال میں رکھا گیا بلکہ ایندھن اور دیگر سہولیات بھی باقاعدگی سے فراہم کی جاتی رہیں۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ریکارڈ کے مطابق ان گاڑیوں کے ٹوکن کی آخری ادائیگی 30 جون 2024 تک درج ہے، جس کے بعد ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔ نادہندہ گاڑیاں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مختلف افسران کے زیرِ استعمال ہیں۔

 محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پی آر اے کی ان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر سکا، جس کے باعث صوبائی خزانے کو لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

قانون کے مطابق ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف چالان، جرمانہ اور گاڑی ضبط کرنے سمیت کارروائی لازم ہے، تاہم ٹیکس وصول کرنے والے ادارے کی اپنی نادہندگی پر قانونی عملدرآمد نہ ہونا تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ٹیکس نافذ کرنے والے ادارے خود قوانین کی پابندی نہیں کریں گے تو عوام میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا مشکل ہو جائے گا۔ اس انکشاف کے بعد پی آر اے میں اندرونی احتساب اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔