ویب ڈیسک:بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کے داماد نکھل نندا اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں دھوکا دہی اور خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بالی ووڈ ہنگامہ نے رپورٹ کیا کہ نکھل نندا ایک زرعی مشینری کمپنی، ایسکارٹس کبوٹا کے چیئرپرسن اور منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بزنس پرسن جتیندر سنگھ پر اپنی زندگی ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا یعنی خودکشی کے لیے اکسایا۔
جتیندر سنگھ کے بھائی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق بزنس ٹائیکون اور ان کی کمپنی کے دیگر ملازمین نے جتیندر سنگھ پر سیلز کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جس پر اس نے خودکشی کرلی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق جتیندر سنگھ، جو داتا گنج میں ٹریکٹر ڈیلرشپ چلاتا تھا، اسے مبینہ طور پر دھمکی دی گئی تھی کہ اس کا ڈیلرشپ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اور جائیداد کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا،جتیندر سنگھ دباؤ سے نمٹنے کے قابل نہیں تھا اور اس نے اپنے خدشات اپنے خاندان کے ساتھ شیئر کیے۔
جتیندر سنگھ کے بھائی نے بتایا کہ 21 نومبر کو حکام نے جتیندر کی ڈیلرشپ پر دوبارہ دورہ کیا اور ایک دن بعد اس نے خودکشی کر لی لیکن شکایت درج کرانے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
عدالتی حکم کی بنیاد پر نکھل نندا اور دیگر کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا، بشمول ایسکارٹس کبوٹا کے ملازمین کے، ملزمان کو دھوکا دہی، دھمکی اور خودکشی کے لیے اکسانے کے الزامات کا سامنا ہے۔
تاہم نندا اور بچن خاندان نے ان الزامات کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
