ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارش اور برفباری محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

بارش اور برفباری محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔

 شہر  لاہور کے موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں کمی واقع ہو گئی ہے۔ دوپہر کے اوقات میں سورج کی تپش اور آب و تاب سے چمکنے کی وجہ سے موسم گرم ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔  لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بھی انتہائی خراب رہا جس کی مجموعی شرح 243 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے آج اور کل لاہور میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کر دی، متوقع طور پر 25 فروری سے شروع ہونے والا دوسرا نظام اچھی بارشوں کا باعث بنے گا، گلگت بلتستان، کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے اور برفباری کی پیشگوئی کردی گئی ہے، آئندہ 2روز میں مری، گلیات اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

کالام میں برف باری، آسمان سے گرتے گالوں سے نظارے حسین ہوگئے، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران رحمت ہوئی، کوئٹہ زیارت، چمن ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بادل برس پڑے، طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کے دو نظام برسنے کے لئے تیار ہیں۔

سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ کشمور، خانپورمہر، اوباڑو، میرپورماتھیلو، ڈہرکی اور گردونواح میں بارش کے بعد جاتی سردی واپس آ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹھل شہر اور اس کے گردونواح میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔موسم کی تبدیلی نے شہریوں کو گرمی سے نجات دلائی، مگر بجلی کی بندش کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ برقیات کے اہلکار بجلی کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ عوام کو جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  کراچی میں آج دن بھر مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جس کے ساتھ موسم گرم رہے گا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی سمت سے ہوائیں چلتی رہیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے، اور مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

کراچی کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 54 نمبر پر جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 69 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب   اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ  تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، ڈی آی خان، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہن تاہم راولپنڈی، جہلم، منگلا، اٹک ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ  مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع ابر آلودرہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے،اس دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

     کوئٹہ ، زیارت، قلا ت، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ عبداللہ، چمن ،سبی، قلات،خضدار،پشین اور گردونواح میں تیز ہواؤں/آندھی اور گر ج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہےجبکہ صوبہ کے دیگراضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

 علاوہ ازیں صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے ،گلگت بلتستان میں موسم سرد اوراور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔