ویب ڈیسک:نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملنی چاہئیں ، حکومت پنجاب ہیلتھ سسٹم میں مزید بہتری لانے کیلئے کوشاں رہے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کیلئے صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کیئر سہولتوں میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی سے متعلقہ امور کو جلد بہتر بنایا جائے، مفت علاج ہر نادار مریض کا حق ہے، ٹرانسپلانٹ کے بعد نادار مریضوں کی مالی معاونت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں میسر سہولیات کا جائزہ لیا گیاجبکہ شرکاء نے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں اور خدمات کو بہتر بنانے کیلئے سفارشات پیش کیں۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے ۔