ویب ڈیسک: امریکی فوج نے مشرقی بحرالکاہل میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث مشتبہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو کشتیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی سدرن کمانڈ کے مطابق یہ کارروائی جمعرات کے روز بین الاقوامی پانیوں میں کی گئی۔ سدرن کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق منشیات اسمگلنگ اور دہشت گرد سرگرمیوں سے تھا۔
بیان کے مطابق پہلی کشتی پر کی گئی کارروائی میں 3جبکہ دوسری کشتی پر حملے کے دوران 2افراد مارے گئے۔ امریکی فوج نے واضح کیا کہ اس کارروائی میں امریکی اہلکار محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ مہلک فضائی اور بحری کارروائیاں 18 دسمبر کو وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی ہدایت پر جوائنٹ ٹاسک فورس ’’سدرن اسپیئر‘‘ کے تحت انجام دی گئیں۔ خفیہ معلومات سے تصدیق ہوئی تھی کہ یہ کشتیاں مشرقی بحرالکاہل میں منشیات اسمگلنگ کے معروف راستوں پر سفر کر رہی تھیں اور نامزد دہشت گرد تنظیموں کے زیرِ انتظام تھیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی منشیات اسمگلنگ اور اس سے جڑی دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف جاری آپریشن ’’آپریشن سدرن اسپیئر‘‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کرنا ہے۔