ویب ڈیسک: کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو جیت کےلیے 167 رنز ہدف ملا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 21 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا تو شان مسعود 3 اور عبداللہ شفیق 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 29 رنز درکار تھے۔
پاکستان کا اسکور 53 رنز پر پہنچا تو پہلے شان مسعود ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں لیچ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق بھی 26 رنز بنا کر لیچ ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کپتان بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف صرف ایک رن بنا کر جو روٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، نعمان علی 15 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو ہوئے، محمد وسیم جونیئر 2 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے پھر آغا سلمان بھی 21 رنز بناکر ریحان کی گیند پر چلتے بنے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 ، جوروٹ اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ لیگ اسپنر ریحان احمد نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 354 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔