افشاں رضوان:لاہور میں آج آسمان پر بادلوں کی چادر چھائی رہی جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد بتایا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر کا مطلع دن بھر ابر آلود رہے گا، جبکہ آج بارش کے امکانات 10 فیصد تک موجود ہیں۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 102 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا میں سوات، کرک، ملاکنڈ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش ہوئی جبکہ گلیات اور وادی ناران میں برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔
ادھر وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ کیل شیخ بیلہ کے مقام پر بند ہوگئی جس کے سبب سیاحوں کی 20 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں۔
حکام کا کہنا ہےکہ کئی مسافروں کو مقامی آبادی میں رہائش فراہم کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کی وادی زیارت کے بالائی علاقوں، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں بارش ہوئی جبکہ بارش کے باعث شاہراہ قراقرم کوہستان لاچی نالہ کے قریب لینڈ سلائڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی ۔