سٹی42 : کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد شہید ہو چکے ہیں, پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 57 افراد زخمی ہوئے ہیں .
پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق کوہاٹ پولیس مسجد بم دھماکہ میں 16 افراد شہید ہو چکے ہیں, دھماکے میں 57 افراد زخمی ہیں.
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پرانے پولیس لائنز کیساتھ بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی گئی، دھماکے کے بعد مسلح دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔ سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جب کہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، دھماکے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
کوہاٹ کی پرانی پولیس لائن کے قریب دھماکے کے بعد ریسکیو 1122 کا امدادی و ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، جائے وقوعہ پر اس وقت ریسکیو 1122 کی 14 ایمبولینسز، ریسکیو ور ریکوری ویکلز اور 40 سے زائد اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ریسکیو اہلکار زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں، ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نور الامین خود کررہے ہیں، ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ پولیس لائنز مسجد پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔
آئی جی پی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے، بزدلانہ حملے حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔