علی رامے: پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب بحالی پروگرام پر تیزی سے کام جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 2200 سے زائد ٹیموں اور 11 ہزار اہلکاروں نے سروے مکمل کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق فلڈ سروے کو ریکارڈ ایک ماہ کی قلیل مدت میں شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا۔
سروے کے دوران 5 لاکھ 86 ہزار متاثرہ فیملیز کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا، جس کے بعد متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چانج پڑتال کے بعد 3 لاکھ 7 ہزار اہل افراد کا ڈیٹا بینک آف پنجاب کو ارسال کیا جا چکا ہے، جبکہ اب تک 2 لاکھ 35 ہزار متاثرین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 لاکھ 5 ہزار اے ٹی ایم کارڈز پرنٹ کر کے متاثرین تک پہنچانے کا عمل جاری ہے، جبکہ 30 ارب کی رقم متاثرین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جا چکی ہے۔
پنجاب کے 27 متاثرہ اضلاع میں قائم کیمپ سائٹس روزانہ شہریوں کو مالی معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ پی آئی ٹی بی، پیلرا اور نادرا سے مکمل تصدیق کے بعد اہل متاثرین کو رقم جاری کی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ پروگرام کے دوران شہریوں کی شکایات کے ازالے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ امدادی عمل مؤثر، شفاف اور تیز رفتار انداز میں مکمل ہو سکے۔