علی ساہی:ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبے بھر میں منظم اور مثالی ٹریفک نظام کے قیام کیلئے لین لائن سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو فروغ دینے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام شہروں میں لین ڈسپلن پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر لین لائن سسٹم کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر گاڑیوں کو مقررہ لین میں چلانے کو یقینی بنایا جائے۔
حکام کے مطابق لین ڈسپلن کے مؤثر نفاذ سے ٹریفک حادثات میں کمی، سفر میں آسانی اور شہریوں کیلئے محفوظ ٹریفک ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور دورانِ سفر لین لائن سسٹم کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ایک محفوظ اور منظم ٹریفک نظام قائم کیا جا سکے۔