ویب ڈیسک: پاکستان کے مایہ ناز کوہ پیما سرباز علی خان نے کوہ پیمائی کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی ۔ انہوں نے دنیا کی تمام 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیاں بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کر کے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
سرباز علی نے یہ کارنامہ آج 8,586 میٹر بلند کینچن جونگا کو بغیر آکسیجن سر کر کے مکمل کیا۔ اس طرح وہ پاکستان کے پہلے کوہ پیما بن گئے ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
یاد رہے کہ سرباز علی گزشتہ سال ہی دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کر چکے تھے تاہم ابتدائی دو مہمات میں انہوں نے آکسیجن استعمال کی تھی۔ اس تاریخی اعزاز کے لیے انہیں صرف دو چوٹیاں ، اناپورنا اور کینچن جونگا ، دوبارہ بغیر آکسیجن سر کرنی تھیں۔
گزشتہ ماہ انہوں نے اناپورنا کو کامیابی سے عبور کیا اور آج کینچن جونگا کو سر کر کے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔