روزینہ علی: پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل) سیزن 10 کے سنسنی خیز مقابلے اپنے عروج پر پہنچ چکے ہیں, آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈبل ہیڈر کا میدان سجے گا جہاں دو بڑے مقابلے شائقین کو کرکٹ سے بھرپور تفریح فراہم کریں گے۔
پہلا میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق شائقین 9 مئی کو جاری کیے گئے ٹکٹس آج کے دونوں میچوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ زیادہ افراد اس سنسنی خیز دن کا لطف اٹھا سکیں۔
پی ایس ایل 10 کا لیگ مرحلہ کل 19 مئی کو ختم ہوگا جب اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان آخری لیگ میچ کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مرحلے کے میچز کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل 21 سے 25 مئی کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوں گے۔