ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ اور اس کی ماتحت عدالتوں میں عیدالفطر کے موقع پر تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر پانچ چھٹیاں ہوں گی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ، سیشن اور سول عدالتیں 19 مارچ سے 21 مارچ تک عیدالفطر کی تعطیلات کے باعث بند رہیں گی۔ اس دوران صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ بھی معمول کی سماعتیں نہیں کرے گی۔
اس حوالے سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس کی نقول رجسٹرار سپریم کورٹ، صوبہ بھر کے سیشن ججز اور دیگر متعلقہ افسران کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں، عدالتی تعطیلات کے ساتھ اتوار 22 مارچ کی ہفتہ وار چھٹی اور 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی سرکاری چھٹی بھی شامل ہو جائے گی، جس کے باعث مجموعی طور پر تعطیلات کی تعداد پانچ ہو جائے گی۔ اس طرح ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتیں عیدالفطر کے موقع پر مسلسل پانچ روز تک بند رہیں گی اور دوبارہ 24 مارچ سے معمول کے مطابق مقدمات کا آغاز کریں گی۔
