سٹی42:مہنگائی اور عدم برداشت کے باعث گھرانے اجڑنے اورعدالتوں میں بچوں کی حوالگی کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بچوں کے حوالگی کیس کی سماعت ہوئی۔جسٹس محمد امجد رفیق نے شگفتہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی ،
درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شادی کے بعد ایک بیٹا دو بیٹیاں پیدا ہوئیں ،خاوند گھر چلانے کے لئے خرچہ نہیں دیتا تھا۔گھریلو ناچاقیوں اور خرچہ نہ ملنے سے تنگ آکر گھر چھوڑ دیا ۔
دوسری جانب بچوں کےباپ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ خاتون خود ہی گھر اور بچے چھوڑ کر چلی گئی۔میری سابقہ بیوی طلاق یافتہ ہے، بچوں کی بہتر تربیت نہیں کرسکے گی ۔
عدالت نے تین بچے باپ کی تحویل سےلے کر ماں کے حوالے کردئیے،جبکہ بچوں نےماں کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔عدالتی حکم کے بعدبیٹے نے باپ کے پاوں پکڑ لئے ،ساتھ لے جانے کے لئے منت وسماجت کرتا رہا۔