(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو اس کے گھر میں ون ڈے سیریز میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کیوی ٹیم نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے سامنے 338 رنز کا ہدف رکھا ۔ بھارتی ٹیم وراٹ کوہلی کی سنچری اور ہرشیت رانا کی نصف سنچری کے باوجود 296 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ وراٹ کوہلی نے 108 گیندوں پر 124 رنز بنائے جبکہ ہرشیت رانا نے 43 گیندوں پر 52 رنز اور نتیش ریڈی نے 57 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب کے دوران بھارتی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہیں۔ روہت شرما 11 رنز کے ذاتی اسکور پر آوٹ ہوگئے۔ وہیں اچھی فارم میں نظر آ رہے کپتان شبھمن گل (23 رنز) کو کائل جیمیسن نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد شریس ایئر کو صرف 3 رنز کے اسکور پر کرسچین کلارک نے آؤٹ کر دیا۔ پچھلے میچ کے سنچری اسکورر کے ایل راہل اندور میں فلاپ رہے۔ راہل 1 رن بنا کر اسپنر زیڈن لینوکس کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ راہل کے آؤٹ ہونے کے وقت ہندوستان کا اسکور 71/4 تھا۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے 2024 میں بھارت میں ٹیسٹ سیریز 3-0 سے جیتی تھی۔ سال 2026 میں اب کیوی ٹیم نے بھارت میں پہلی بار ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔
مارچ 2019 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ٹیم انڈیا نے اپنے گھر میں کوئی دو طرفہ ون ڈے سیریز ہاری ہے۔ کیوی ٹیم 1989 سے دو طرفہ ون ڈے میچوں کے لیے بھارت کا دورہ کر رہی ہے، لیکن یہاں پہلی بار ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔