علی رامے: پنجاب حکومت نے متروکہ جائیدادوں سے متعلق قانون میں بڑی ترمیم کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کا مقصد جعلی الاٹمنٹس اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے۔
ترمیم کے بعد متروکہ املاک پر پرانے اور جعلی ریکارڈ کے استعمال کا راستہ بند کر دیا جائے گا، جبکہ حکومت کو ان جائیدادوں پر کنٹرول کے واضح اور مضبوط اختیارات حاصل ہوں گے۔ نئی قانون سازی کے تحت غیر قانونی قابضین کیلئے نئی درخواستیں جمع کروانے کے دروازے بھی بند کر دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق متروکہ جائیدادیں آئندہ عوامی مفاد اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے استعمال کی جائیں گی، جس سے نہ صرف سرکاری وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو گا بلکہ طویل عرصے سے موجود قانونی پیچیدگیوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے گا۔
اس مقصد کیلئے ایک نیا ترمیمی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت متروکہ جائیداد مافیا کے خلاف قانون کے مطابق بڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔