سٹی42: متحدہ عرب امارات نے سکولوں میں داخلے کے لیے عمر کی حد سے متعلق پالیسی میں بڑی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے. نئی پالیسی نئے تعلیمی سال 2026-2027 سے یعنی آئندہ ماہ سے نافذ ہوگی۔
نئی پالیسی کے تحت بچوں کے داخلے کے لیے عمر کی آخری پیمائش 31 اگست کے بجائے اب 31 دسمبر تک کے دن سے کی جایا کرے گی۔
یہ فیصلہ وزارتِ تعلیم کی سفارش پر ایجوکیشن، ہیومن ڈیولپمنٹ اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کونسل نے منظور کیا۔ یہ تبدیلی ان تمام اسکولوں اور کنڈرگارٹن پر لاگو ہوگی جن کا تعلیمی سال اگست یا ستمبر میں شروع ہوتا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق پری کنڈرگارٹن میں داخلے کے لیے بچے کی عمر 31 دسمبر تک 3 سال ہونی چاہیے۔
کنڈرگارٹن ون کے لیے 4 سال، کنڈرگارٹن ٹو کے لیے 5 سال اور گریڈ ون میں داخلے کے لیے بچے کی عمر 6 سال ہونا ضروری ہوگا۔
اماراتی حکام کے مطابق یہ عمر کی حد برطانوی، فرانسیسی اور دیگر بین الاقوامی تعلیمی نظاموں کے مطابق رکھی گئی ہے تاکہ مختلف نصاب کے درمیان طلبہ کی منتقلی آسان بنائی جا سکے۔
یہ پالیسی صرف نئے داخلوں پر لاگو ہوگی۔ جو بچے پہلے سے اسکولوں میں زیرِ تعلیم ہیں، ان پر وہی عمر کی شرائط لاگو رہیں گی جو ان کے داخلے کے وقت مقرر تھیں۔
اپریل میں تعلیمی سال شروع کرنے والے پاکستانی اسکولوں کے لیے داخلے کی آخری تاریخ بدستور 31 مارچ ہی رہے گی اور ان کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔