( ملک اشرف ) پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات بائیو میٹرک کروانے کا فیصلہ، پنجاب بار کونسل نے نوجوان وکلاء کی ٹریننگ کروانے کے لئے سینٹر آف ایکسیلنس منصوبہ بھی مکمل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات بائیو میٹرک کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد پنجاب بار میں سینٹر آف ایکسیلینس اور بائیو میٹرک سسٹم کا افتتاح کریں گے۔ چیف جسٹس گلزار احمد پنجاب بار کونسل کے توسیعی منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے اور چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کے ہمراہ افتتاح کریں گے۔
پنجاب بار کونسل نے افتتاحی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ تقریب میں شرکت کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے تمام ججز کو مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب میں ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون، اعظم نذیر تارڈ، حفیظ الرحمان چوہدری شرکت کریں گے۔ وائس چئیرمین پنجاب بار سمیت دیگر وکلاء رہنماء شریک ہوں گے۔ پنجاب بار کونسل کی بلڈنگ سے ملحقہ 21 مرلے اراضی بارہ کروڑ میں خریدی گئی ہے۔
وکلاء کی ٹریننگ کے لئے سینٹر آف ایکسیلینس کے منصوبے پر پچاسی لاکھ روپے لاگت آئی۔ وکلا کی جانب سے بائیو میٹرک الیکشن اور سینٹر آف ایکسیلنس منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ وکلاء رہنما کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم اور سینٹر آف ایکسیلنس میں وکلاء ٹریننگ منصوبہ خوش آئند ہے۔