سٹی 42: آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش، پاکستانی پرچم بردار جہاز خیرپور پھنس گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہاز نے اج صبح آبنائے ہرمز عبور کرنا تھا، تاہم زیادہ جہاز ہونے کے باعث پاکستانی جہاز خیرپور ابنائے ہرمز میں پھنس گیا، پاکستانی پرچم بردار ٹینکر خیرپور اب پناہ کے لئے خلیج فارس واپس جا رہا ہے۔
پاکستانی بحری جہاز خیرپور کے علاوہ 3 بھارتی بحری جہاز بھی آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کے باعث پھنس گئے۔ ایرانی پاسداران انقلاب بحریہ نے امریکہ و اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزی اور جواباً ابنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کے پیغامات نشر کرنا شروع کر دئیے۔
خیرپور نامی پاکستانی بحری ٹینکر تقریباً 80 ملین لیٹر خام تیل لے کر آ رہا ہے ۔خیرپور کویت سے کراچی پورٹ آ رہا ہے ۔ تین فرانسیسی بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز کو تیزی سے عبور کرنے کی کوشیش کی۔
پاسداران انقلاب بحریہ کی جنگی کشتیوں کی شدید فائرنگ شروع ہوگئی ۔ فرانسیسی بحری جہاز بھی واپس خلیج فارس لوٹ گئے۔گذشتہ روز جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ پر حملے کئے گئے۔اسرائیلی حملوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایران نے آج دوبارہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان کیا۔
قبل ازیں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان سے قبل شالیمار نامی پاکستانی پرچم بردار جہاز کو گزرنے کی اجازت دی گئی تھی۔شالیمار نے امریکی پابندیوں کے دوران آبنائے ہرمز کو عبور کیا تھا۔