راؤ دلشاد:: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی ہدایت پر صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے کرایوں کی فہرست جلد از جلد مرتب کر کے جاری کی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے، جس کے مثبت اثرات بھی عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی سے مسافروں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور روزمرہ سفر کے اخراجات میں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں پیش رفت جاری ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید 10 اضلاع میں الیکٹرک بسوں کا اجرا کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق حکومت عوام کو معیاری، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔