ویب ڈیسک : وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی منظوری دیدی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں 5 جون سے صوبے بھر میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو ارتھ ڈے منایا جائے گا، پلاسٹک کو ناں مہم کا آغاز ہو گا، پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائیں گے، پلاسٹک تھیلوں پر پابندی کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے بھی منظوری دے دی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام خود کو کینسر سے بچانے کیلئے پلاسٹک بیگ استعمال نہ کریں، عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کی جگہ کپڑے اور کاغذ کے تھیلے استعمال کریں، دکاندار سمیت تمام لوگ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنیکی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گھروں میں پلاسٹک اشیا اور برتن بھی استعمال نہ کریں۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ متعلقہ حکام پلاسٹک tتھیلوں کے استعمال پر پابندی یقینی بنائیں گے، طلبہ اور تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس ہوں گی جس میں انسانی صحت کو پلاسٹک سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے گا، ماحول کو بہتر بنانا ہم سب کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔