بھارت کیخلاف کیس پی سی بی کی جیب پر بھاری پڑ گیا

بھارت کیخلاف کیس پی سی بی کی جیب پر بھاری پڑ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( مانیٹر نگ ڈیسک) بھارت کیخلاف کیس پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)  کی جیب پر بھاری پڑ گیا جبکہ 16 لاکھ ڈالر بی سی سی آئی کو دینے کے بعد اب نیا انکشاف ہوا ہے، آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریسولوشن کمیٹی میں کیس ہارنے پر پاکستان کو بھارت کو تقریباً16 لاکھ ڈالر دینا پڑے تھے۔

 گزشتہ برس ایک انٹرویو میں چیئرمین احسان مانی نے تقریباً 22 لاکھ ڈالر کے مجموعی نقصان کا انکشاف کیا تھا، اس میں وکلاء کی فیس اور سفری اخراجات بھی شامل تھے۔ دستاویز کے مطابق بطور جی ایم لیگل افیئرز سلمان نصیر نے اس کیس کے لیے 10 ٹورز پر 71 لاکھ 19 ہزار73 روپے پھونک دیے، وہ سات بار برطانیہ گئے اور3  دبئی کے دورے کیے، 12 سے 15 اگست 2017 تک وہ وکلا سے ملاقات کیلئے برطانیہ میں رہے اور چار لاکھ 83 ہزار268  روپے خرچ کیے، 19 سے 24 ستمبر تک وہ دوبارہ وکلا سے ملنے برطانیہ گئے اور اس ٹور پر چار لاکھ  53 ہزار122  روپے لگے، 28  سے 30 نومبر تک تیسرے دورہ برطانیہ پر ایک لاکھ 72 ہزار 917 روپے صرف ہوئے، سلمان نصیر نے اگست 2017ء سے فروری 2019 تک مجموعی طور پر 20 غیر ملکی دورے کیے جن پر 99 لاکھ  74 ہزار 269 روپے کے اخراجات آئے۔

واضح  رہے کہ   پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2018 میں بھارتی بورڈ کیخلاف 70 ملین ڈالر زر تلافی کا مقدمہ کیا تھا، کیس کی بنیاد اس مفاہمت کی یاد داشت کو بنایا گیا جس کے تحت دونوں ممالک کو 2015 سے 2023  تک 6 باہمی سیریز کھیلنا تھیں، مگر بی سی سی آئی نے حکومت سے اجازت نہ ملنے کا جواز دے کر اس پر عمل نہیں کیا، آئی سی سی کمیٹی نے بھی اس موقف کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو الٹا بھارت کو16 لاکھ ڈالر نقصان اوراخراجات کی مد میں ادا کرنے کا کہا تھا۔

Sughra Afzal

Content Writer