سٹی 42: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) کے زیر اہتمام منعقدہ سہ روزہ ثقافتی فیسٹیول کے تقریری مقابلوں میں یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشنز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اردو اور انگریزی دونوں مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اردو تقریری مقابلے میں یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشنز آئی پی ٹاؤن کیمپس کی جماعت ششم کی طالبہ ماہیبہ اعجاز نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انگریزی تقریری مقابلے میں یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشنز پارک ویو کیمپس کی جماعت ہفتم کی طالبہ حبا احد نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
مقابلوں میں پنجاب بھر سے 80 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے نقد انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کامیاب طالبات، اساتذہ اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ طلبہ کی ہمہ جہت تربیت اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں ان کی حوصلہ افزائی پر یقین رکھتا ہے۔