طاہر جمیل: شہر میں مہنگائی کے ایک اور جھٹکے کے طور پر ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیری فارمرز نے بھینس کے دودھ کی ہول سیل قیمت میں 25 روپے جبکہ گائے کے دودھ کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ نئے نرخوں کے تحت بھینس کا دودھ 245 روپےجبکہ گائے کا دودھ 195 روپے فی لیٹر ہول سیل میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اس اضافے کے بعد پرچون سطح پر دودھ کی قیمت 270 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جس سے شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب سرکاری نرخنامے کے مطابق دودھ کی قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ شہر بھر میں ان نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو روزمرہ استعمال کی اس بنیادی شے کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے اثرات براہ راست عام آدمی کی زندگی پر پڑیں گے۔