سٹی 42:علاج کیلئے لندن جانے سے روکنے پر شہبازشریف بھی ان ایکشن۔ اپوزیشن لیڈر نے لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ۔
تفصیلات کےمطابق علاج کیلئے لندن جانے سے روکنے پر شہبازشریف کی جانب سے امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو علاج کیلئے بیرون جانے کی اجازت دی تھی، عدالتی حکم کے باوجود میاں محمد شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر متعلقہ افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہےکہ شہباز شریف نے بلیک لسٹ میں نام موجود ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم گزشتہ ہفتے بیرون ملک روانگی کے لیے جب شہباز شریف لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر اپوزیشن لیڈر واپس گھر روانہ ہوگئے۔