علی رامے: وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلہ کے مطابق غیر قانونی ذرائع سے بیرون ملک رقوم بھیجنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت ہوگا جبکہ حوالہ ہنڈی میں ملوث کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
فیصلے کے مطابق منی لانڈرنگ میں ملوث کسی فرد یا ادارے سے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی جبکہ رقوم اب بینکنگ یا دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بھیجی جا سکیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منی چینجز کے ذریعے رقوم بھجوانے کے عمل کو سٹریم لائن کیا جائے گا جبکہ بیرون ممالک رقوم بھیجنے کے میکانزم کو شفاف بنایا جائے گا تاکہ غیر قانونی طریقوں سے رقوم بھجوانے والے تمام چینلز کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید براں، سٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا جو تمام متعلقہ امور پر باقاعدہ پیش رفت کا جائزہ لے گا۔
گورنر سٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز سے رقوم کی ترسیل کے نظام پر بریفنگ دی، اور اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، گورنر سٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات ملک میں مالیاتی شفافیت اور قانونی طریقوں سے رقوم کی ترسیل کو فروغ دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔