ویب ڈیسک:متحدہ عرب امارات میں بھیک مانگنے کا نیا انکشاف، بھکاری فی گھنٹہ 28 ہزار روپے کمانے لگے۔
شارجہ پولیس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شارجہ میں بھکاری ایک گھنٹے میں 367 درہم (تقریباً 28 ہزار پاکستانی روپے) کما رہے ہیں۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ پولیس نے ایک تجربے کے دوران ایک اہلکار کو بھکاری کے بھیس میں سڑک پر بھیجا، جس نے محض ایک گھنٹے میں 367 درہم جمع کیے۔ اس مشق کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ بھیک مانگنے والے کس طرح بغیر کسی حقیقی ضرورت کے لوگوں سے رقم حاصل کر لیتے ہیں، خاص طور پر رمضان کے مہینے میں۔
پولیس نے اس تجربے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح لوگ بھکاری کے پاس آ کر پیسے دیتے ہیں اور وہ محض ایک گھنٹے میں معقول رقم جمع کر لیتا ہے۔
شارجہ پولیس نے شہریوں کو تاکید کی کہ وہ بھکاریوں کو پیسے دینے سے گریز کریں اور انہیں روزگار کی طرف مائل کرنے کی کوشش کریں۔ پولیس نے مزید کہا کہ بھکاریوں کی اطلاع دینے کے لیے 80040 یا 901 پر رابطہ کریں۔