ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا سے نمٹنے کیلئے علمائے کرام کا حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان

کورونا سے نمٹنے کیلئے علمائے کرام کا حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مساجد بند نہیں کریں گے، حکومت پنجاب نے سب سے پہلے 3 جنوری کو کورونا وائرس کے معاملے پر وفاق کو خط لکھا اور کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا، کورونا وائرس پر اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے کابینہ کمیٹی قائم کی جس کے اجلاس تواتر سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو فوری طورپر ضروری ساز و سامان کیلئے 24 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ صحت کیلئے مزید ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں قائم 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ میں 541 بیڈز کی گنجائش ہے، کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے مزید 10 ہزار کٹس منگوائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے، ایک لاکھ لوگوں کیلئے ایک ہفتے کے اندر کورونا علاج کی سہولت گاہ قائم کی جا سکتی ہے، پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے اور کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام میں احتیاط کیلئے آگاہی مہم جا ری ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ پریشان نہ ہوں، احتیاط کریں۔

اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کیلئے خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی، مولانا صاحبزادہ فضل رحیم، مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا طاہر محمود اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، علامہ محمد حسین اکبر اور دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا، صوبائی وزیر سعیدالحسن شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اور محکمے کیے جانے والے اقدامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں، حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں موجودہ حالات میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔

 وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام ہجوم والی جگہ پر جانے سے گریز کریں، بیرون ملک سے آنیوالے پاکستانی اپنا طبی معائنہ کرا کر اپنی اور فیملی کی حفاظت یقینی بنائیں، صحت کی حفاظت کیلئے احتیاط اور بچاؤ کے اقدامات کو ترجیح دی جائے، حکومت پنجاب ہر سطح پر متحرک ہے، احتیاطی تدابیر اور پیشگی اقدامات کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں، ماسک اور طبی آلات کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف صوبہ بھر میں نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے ہیں،ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹریننگ پر بھی فوکس ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer