(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو لاہور بورڈ کے ملازمین کی تنخواہیں 23 جولائی تک ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے محمد آصف سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواستگزاروں کی جانب سے ملک اویس خالد ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواستگزار عرصہ دراز سے لاہور بورڈ میں ڈیلی ویجز کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، ملازمین کو ایک سال سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی۔
درخواستگزاروں نے استدعا کی کہ عدالت ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے، اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کی۔
عدالت نے لاء افسر کو ہدایت کی کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے آئندہ سماعت تک تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔