ویب ڈیسک: پنجاب میں جدید اور شفاف مالی نظام کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اب کاروباری لین دین مرحلہ وار کیش کے بجائے ڈیجیٹل ذرائع سے کیا جائے گا۔
جاری مراسلے کے مطابق تمام کاروباری مراکز، تاجروں اور پرچون فروشوں کو اپنی دکانوں پر نمایاں طور پر کیو آر کوڈ آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ رقوم کی ادائیگی باآسانی ڈیجیٹل طریقے سے کی جا سکے۔ لین دین کے لیے کیو آر کوڈ اور راست سسٹم کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
حکومت نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہےجبکہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے کیش لیس سسٹم نافذ ہوگا، جس سے عوام کو سہولت میسر آئے گی اور مالی معاملات میں شفافیت اور احتساب کو فروغ ملے گا۔
خصوصی طور پر صوبہ بھر کے پیٹرول پمپس پر فوری طور پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ چونکہ پیٹرول پمپس پر ادائیگی اور لین دین فوری نوعیت کا ہوتا ہے، اس لیے وہاں نہ صرف کیو آر کوڈ بلکہ موبائل کے ذریعے ادائیگی کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں، پیٹرول پمپس کے لائسنس کے اجرا کو آن لائن بکنگ سے مشروط کر دیا گیا ہے، جو جدید اور منظم نظام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ اقدامات صوبے میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، عوامی سہولت اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔