ویب ڈیسک: آپ نے ایسکیلیٹر پر سفر تو کیا ہوگا مگر کیا کبھی اس سوال نے پریشان کیا کہ اس کی سیڑھیوں کی سائیڈ پر دائیں بائیں جوتے صاف کرنے جیسے برش کیوں موجود ہوتے ہیں؟
ویسے یہ کافی مقبول خیال ہے کہ یہ برش جوتے صاف کرنے کے لیے ہوتے ہیں مگر یہ درست نہیں۔
ہوسکتا ہے کہ آپ نے کسی ایسکیلیٹر پر سفر کے دوران ان برشز کو جوتے صاف کرنے کے لیے استعمال کیا ہو۔
مگر ان کا اصل مقصد جوتوں سے گرد صاف کرنا نہیں۔
پہلے تو آپ جان لیں کہ انہیں ایسکیلیٹر برشز کہا جاتا ہے جبکہ کچھ حلقے اسے اسکرٹ ڈیفلیکٹرز بھی کہتے ہیں۔
یعنی ایسا اسکرٹ یا سایہ جو ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں اور اس کی سائیڈ کے خلا کے درمیان موجود ہوتا ہے۔
تو ایسکیلیٹرز میں یہ برشز کیوں موجود ہوتے ہیں؟
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ان کا مقصد جوتوں کی صفائی نہیں بلکہ یہ ان متحرک زینوں کا ایک تحفظ فراہم کرنے والا فیچر ہے۔
یہ برشز جوتوں، پیروں، ڈھیلے کپڑوں اور ایسی ہی دیگر چیزوں کو اس خلا سے دور رکھتے ہیں۔
یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ یہ ایک حفاظتی ڈھال کا کردار ادا کرتے ہیں۔
تصور کریں کہ آپ کسی ایسکیلیٹر پر موجود ہیں اور اپنا توازن برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، تو یہ خلا آپ کی توجہ کا مرکز نہیں ہوگا۔
مگر ایسکیلیٹر ایک مشین ہے اور مشین خراب ہوسکتی ہے یا اس میں حادثہ ہوسکتا ہے۔
تو یہ برشز اسے کیسے محفوظ بناتے ہیں؟
یہ برشز ایسے تمام متحرک زینوں میں ہوتے ہیں اور سیڑھیوں کے سائیڈ پر موجود خلا میں کسی چیز جانے سے ایسکیلیٹر رک سکتی ہے۔
مگر بات یہاں تک محدود نہیں، یہ متحرک زینے اتنے طاقتور ہوتے ہیں کہ انسانی جسم کو کافی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ان زینتوں پر اکثر حادثات ہاتھ یا پیر خلا میں پھنس جانے سے ہوتے ہیں اور یہ برشز اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ان کی موجودگی کے باعث لوگ ان سے ذرا ہٹ کر کھڑے ہوتے ہیں چاہے انہیں اس کا علم نہ بھی ہو کہ ان کے نیچے خلا موجود ہے۔