حسن خالد: چراغ تلے اندھیرا،لاہور میں وزیر اعظم کے گھر کے قریب ایک گھر میں چوری ،چور ایک کروڑ 30لاکھ کا سامان لے اڑے۔
لاہور کے زمان پارک میں ایک گھر سےایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ فیملی سیر وسیاحت کےلیے ایبٹ آباد گئی ہوئی تھی کہ اس دوران نامعلوم چور اویس مجید نامی شہری کے گھر سے سے ایک کروڑ 30 لاکھ مالیت کے زیورات، لیپ ٹاپ اور قیمتی گھڑیوں سمیت دیگر سامان چوری کر کے فرار ہوگئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق اس کی فیملی سیر کے لئے ایبٹ آباد گئی تھی، چور واش روم سے گھر میں داخل ہوئے۔ پولیس اور دیگر تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلیے ہیں۔
خیال رہے زمان پارک ہائی سکیورٹی زون ہے،ایک طرف گورنر ہائوس ہے تو دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کا گھر ہے۔وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر ہمہ وقت سیکیورٹی اہلکار موجود ہونے کے باوجود واردات ہونا پولیس کی کارگردگی پر سوالیہ نشان ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سےجلد ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔
واضح رہے کہ صوبائی دارلحکومت کا امن وامان ڈاکوؤں،چوروں نے تباہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوچکا ہے،عوامی تحفظ کے لئے پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی سرانجام دے تو رہے ہیں مگر انہی میں کچھ کالی بھیڑیں ملزمان کے ساتھ مل کر معاشرے میں خرابی کا موجب بن رہے ہیں۔
یاد رہے ماہ جون کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی کے ون فائیو کالز کے اعداد و شمار کے مطابق 15ایمرجنسی ہیلپ لائن پر3لاکھ 42ہزار 733کالز موصول ہوئیں،مختلف معلومات کے حصول کیلئے24ہزار 853کالزموصول ہوئیں۔قوانین کی خلاف ورزی پر44ہزار 662پرکیسزبنائے گئے۔جون کے دوران ٹریفک سے متعلقہ 2841کالز پر مدد فراہم کی گئی۔لاسٹ اینڈ فاؤنڈسینٹر کی مدد سے04 گمشدہ افراد کو اپنوں سے ملوایاگیا۔ایک ماہ میں 141موٹر سائیکلز،02گاڑیاں اور05آٹو رکشے برآمد کرکے مالکان کے حوالے کئے گئے۔