( سعید احمد ) نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن زدہ سرکاری افسران کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ، وفاقی حکومت نے محکمہ ریلوے سمیت مختلف محکموں سے نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن میں موجود کیسز میں ملوث سرکاری افسران کی فہرست طلب کرلی ہے۔
وفاقی حکومت کا نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن زدہ سرکاری افسران کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ریلوے سے بھی افسران کی فہرست مانگ لی گئی ہے، اس سلسلہ میں وزارت ریلوے نے آئی جی پولیس اور ساتوں ریلوے ڈویژن سمیت 22 ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔ ریلوے حکام نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں فہرست مرتب کرنا شروع کر دی ہے، فروری 2008 سے لیکر ستمبر 2018 تک کے دوران مختلف کیسز میں ملوث افسران کی فہرست مانگی گئی ہے۔
چیئرمین ریلوے کی ہدایت پر نیب زدہ ریلوے افسران کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، ذرائع کے مطابق فہرست میں مشتاق جدون، سابق جی ایم ریلوے سعید اختر، ٹریفک افسر عابد شاد، ثمین اللہ گنڈاپور، سابق ڈی جی ایم فرید احمد، درشہوار، سابق ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر سعید، سابق اے جی ایم ہمایوں رشید اور میاں احسن سمیت دیگر اعلیٰ ریلوے افسران کے نام شامل ہیں۔