جنید ریاض:محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق رواں سال 38 ہزار سکولوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 85 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 21 ہزار پرائمری سکولوں میں سوا 3 لاکھ پودے، ساڑھے 7 ہزار مڈل سکولوں میں 3 لاکھ 30 ہزار جبکہ 9 ہزار ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں سوا 8 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
ہدایات کے مطابق ہر ہائی سکول میں 90، مڈل سکول میں 45 اور پرائمری سکول میں 15 پودے لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سکولوں کو شجرکاری مہم کے مؤثر نفاذ کیلئے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عمل کی نگرانی کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، تاکہ ماحولیاتی بہتری اور سرسبز پنجاب کے خواب کو حقیقت بنایا جا سکے۔