ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئین کے مطابق چلایا جانا چاہیے، ڈنڈے کے زور پر ملک نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا اس وقت ملک کا سب سے امیر صوبہ ہے اور حکومت نے کرپشن پر مؤثر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف پر تھی جبکہ پاکستان میں 2024 کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اپنے پسندیدہ لوگوں کو عوام پر مسلط کرنے کے لیے مختلف تجربات کیے گئے آئین کو توڑ کر مارشل لا نافذ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ "فیصلہ سازوں کو لیڈرز نہیں بلکہ غلام چاہییں، اگر ہمارے فیصلے غلام کریں گے تو ہم بھی غلامی سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔"
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ان کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ ملک کی بہتری کے لیے کوششیں کرنا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے الزام لگایا کہ "ہمیں پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا، ہمارا لیڈر، ان کی اہلیہ اور کئی کارکنان اس وقت جیلوں میں قید ہیں، جبکہ ہمارے 14 ساتھیوں کو شہید کیا گیا۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں، ہم نے بہت پیسہ جمع کیا ہے اور کرپشن پر قابو پا لیا ہے۔ خیبرپختونخوا آج ملک کا امیر ترین صوبہ ہے۔"