ویب ڈیسک: پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے انتقال کی خبر نے مداحوں کو افسردہ کر دیا، عمر شاہ کی آخری ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
یہ ویڈیو عمر شاہ اور احمد شاہ کے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر محض سات روز قبل شیئر کی گئی تھی۔ ویڈیو میں دونوں بھائیوں کو اسکول سے چھٹی کے بعد یونیفارم میں اپنے کزن کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ویڈیو احمد اور عمر کے چچا نے بنائی تھی۔
ویڈیو میں ننھے عمر نے اپنے چاچو سے اسکول کے لیے نیا بیگ دلانے کی فرمائش کی، جب کہ احمد نے اسپورٹس کے لیے گرین کلر کا یونیفارم مانگا۔ دونوں بھائیوں کی یہ معصوم فرمائشیں دیکھنے والوں کے دلوں کو چھو گئیں، مگر افسوس کہ یہ لمحے عمر کی زندگی کی آخری جھلکیاں ثابت ہوئے۔
عمر کے انتقال کی اطلاع پیر کی صبح احمد شاہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر دی، جس کے بعد مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین ننھے اسٹار کے اچانک بچھڑ جانے پر دعائیں اور تعزیتی پیغامات شیئر کر رہے ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق عمر شاہ بالکل صحت مند تھے لیکن رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی اور قے آنے کے باعث کوئی چیز ان کی سانس کی نالی میں چلی گئی۔ انہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بدقسمتی سے وہ فجر کے وقت انتقال کر گئے۔
عمر شاہ کی موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ان کے چاہنے والوں کو بھی صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ ننھے اسٹار کی معصوم مسکراہٹ اور سادگی ہمیشہ ان کے مداحوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔