ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت، تین رکنی بنچ نے سپیکر قومی کے وکیل کو جواب جمع کروانے کے لئے آئندہ سماعت تک مہلت دے دی.
لاہور ہائیکورٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق بھی شامل تھے۔سماعت کے دوران جمشید دستی اپنے وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ سپیکر کی طرف سے کون پیش ہوا ہے؟ سپیکر کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ وکالت نامہ اور جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے کیونکہ ہمیں نوٹس گزشتہ روز ہی موصول ہوا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس نظام کو معمولی نہ سمجھا جائے، اسی وجہ سے عدالت نے انتخابی عمل روکا ہے۔ لوگوں کا حق ہے کہ وہ اپنے نمائندے کا انتخاب کریں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اٹارنی جنرل کو تحریری جواب جمع کرانے کا کہا تھا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اٹارنی جنرل کا تحریری جواب آج جمع کرا دیا گیا ہے۔ اس پر جمشید دستی کے وکیل اشتیاق اے خان نے کہا کہ مجھے تو اس جواب کی کاپی ابھی عدالت میں ملی ہے۔الیکشن کمیشن کے وکیل عمران عارف رانجھا نے بھی اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔