(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب کے وزیر میاں اسلم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی مرمت کے لیے ایک سے 2 لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں اور جن کی فصلیں تباہی ہوئیں ہیں ان کو بھی معاوضہ دیا جا رہا ہے، سیٹلائیٹ کی مدد سے سیلاب زدہ علاقوں کی تصاویر لی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کو بلیک آؤٹ کرنے والے خود بلیک آؤٹ ہونے جا رہے ہیں، ملک میں استحکام کی ضروت ہے اور سیاسی استحکام کے لیے نئے الیکشن ضروری ہیں، لوگ عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اور اس لیے ان کو عطیات دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت الزام لگاتی ہے کہ عمران خان سیلاب زدگان کا نہیں سوچتے لیکن جب عمران خان ٹیلی تھون کرتا ہے تو یہ لوگ مسائل پیدا کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب زدگان نیب زدگان پر اعتماد نہیں کرتے اور عمران خان کو بلیک آوٹ کرنے والے سیاست سے فارغ ہونے والے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں بے شمار اضافے کیے ہیں، حکمرانوں نے نیب میں اپنے کیسز صاف کیے ہیں لیکن اب احتساب کا عمل دوبارہ ہو گا۔