موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد کا شناختی کارڈ بلاک

موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد کا شناختی کارڈ بلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مظہر عباس) گجر پورہ خاتون زیادتی کیس، نو روز بعد بھی پولیس مرکزی ملزم عابد کو گرفتارنہ کرسکی، کیس کی تفتیش تبدیل کر کے انچارج انویسٹی گیشن پرانی انار کلی کو بھجوا دی گئی، پولیس نے عابد علی کا شناختی کارڈ بلاک کروادیا۔

پولیس گجرپورہ زیادتی کیس کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی، مرکزی ملزم تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آسکا،اب انچارج انویسٹی گیشن گجرپورہ سےتفتیش تبدیل کردی گئی، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردی دفعات کی تفتیش انسپکٹر کرسکتا ہے، سب انسپکٹر کے پاس اختیار نہیں، گرفتارملزم شفقت اورفرار ملزم عابد کےڈی این اے رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے، مرکزی ملزم کا شناختی کارڈ بھی بلاک کروادیا گیا تاکہ وہ بیرون ملک فرار نہ ہوسکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ شفقت کی نشاندہی پرعابد کی گرفتاری کے لیے اب تک 66 چھاپے مارے جاچکے ہیں، مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے اب ٹیکنیکل ونگ بے سود ہوگیا، ملزم نے اپنا موبائل فون استعمال کرنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے اب روایتی پولیسنگ کی جا رہی ہے، متاثرہ خاتون کو بھی شناخت پریڈ کیلئے راضی کرلیا گیا کیونکہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے شناخت پریڈ ضروری ہے۔

دوسری جانب سی آئی اے پولیس نے5 مزید افراد کو گرفتار کرلیا،جبکہ عابد کی فیملی کے لوگ بھی سی آئی اے پولیس کی حراست میں ہیں،پولیس نے حراست میں لینے والے تین ملزمان کو رہا کردیا ، جن میں وقار کے بردار نسبتی عباس، عباس کے دو بھائی سلامت اور بوٹا  شامل ہیں، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے  ملزم شفقت کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ  پر جیل بھیج دیا، انسداد دہشتگردی عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

واضح رہےکہ 9 نومبر کی رات لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا  تھا، دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

Sughra Afzal

Content Writer