ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جنوبی کوریا کی گلوکارہ پر حملہ، بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے زخمی

جنوبی کوریا کی گلوکارہ پر حملہ، بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کی معروف کے- پاپ گلوکارہ اور اداکارہ نانا اپنے گھر میں داخل ہونے والے حملہ آور کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہوگئیں۔

واقعہ سیئول کے مضافاتی علاقے میں پیش آیا جہاں نانا اور ان کی والدہ نے مل کر گھس بیٹھیے کو دبوچ لیا۔

پولیس کے مطابق تقریباً 30 سالہ شخص قیمتی سامان چوری کرنے کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا، تاہم مزاحمت کے باعث وہ اپنے مقصد میں ناکام رہا اور بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا۔ گوری پولیس اسٹیشن کے ایک تفتیشی افسر نے بتایا کہ نانا اور ان کی والدہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو کیا، جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

پولیس نے مشتبہ شخص کے خلاف سنگین ڈکیتی کا مقدمہ درج کردیا ہے۔

مزاحمت کے دوران 34 سالہ نانا اور ان کی والدہ شدید زخمی ہوئیں، نانا کی والدہ بے ہوش بھی ہوگئیں۔ دونوں خواتین اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہیں مکمل آرام کی ہدایت کی گئی ہے۔

نانا، جن کا اصل نام ام جن آہ ہے، ماضی میں گرل گروپ آفٹر اسکول کی ذیلی یونٹ اورنج کیرامل کا حصہ رہ چکی ہیں۔ ان کے مشہور گانے "کیٹی لینا" کی میوزک ویڈیو یوٹیوب پر 38 ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے اداکاری کا رخ کیا اور متعدد معروف ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔