سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ تشکر کے موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ کی آمد پر ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم نے اُن کا استقبال کیا۔ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہداء کی بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے حوصلے کو سراہا اور ان کے مسائل بھی سنے۔ محسن نقوی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔
وزیرداخلہ نے رینجرز پنجاب کے افسران اور جوانوں کی دلیری اور پیشہ وارانہ کارکردگی کو سراہا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی، پوری قوم ان کے خاندانوں کو سلیوٹ کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
