وسیم احمد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے آغاز سے قبل غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے, مختلف ٹیموں نے اپنے غیر ملکی اسکواڈز کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹام کوہلر کیڈمور، میکس برائینٹ، نجیب اللہ زدران اور لیوک ووڈ نے جوائن کرلیا ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت جاری ہے، بدھ کی صبح شان ایبٹ، کائل جیمیسن، عقیل حسین اور فن ایلن پاکستان پہنچ گئے اور اسکواڈ میں شامل ہوگئے۔ رایلی روسو پہلے ہی ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ کوسال مینڈس جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے۔
کراچی کنگز کی قیادت کے لیے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ساتھ بنگلادیش کے لٹن داس اور ٹم سائفرٹ نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔پشاور زلمی کے لیے کھیلنے والے انگلینڈ کے ٹام کوہلر کیڈمور بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں بھی پیش رفت ہوئی ہے، ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن اور جوش لٹل کراچی پہنچنے کے بعد ٹیم کو جوائن کرچکے ہیں اور پہلے پریکٹس سیشن میں بھی شریک ہوئے۔ شائے ہوپ اور مائیکل بریسویل جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کا آغاز جمعہ سے ہو رہا ہے، شائقین کرکٹ لیگ کے ایک اور سنسنی خیز سیزن کے لیے پرجوش ہیں۔